افغانستان بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بنوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد اور مضبوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ سال کی ناکامیوں کے بعد افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر بیرونی حمایت کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں اور عوام کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینا اور ملک میں امن قائم کرنا حکومت اور سکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں: سوئٹزرلینڈ میں امریکا ایران تکنیکی مذاکرات، وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت کا امکان
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور کشمیری عوام نے خطے میں امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں بعض عناصر بھارت کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور عوام کی قربانیوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور بیرونی مداخلت کے خلاف بھرپور اقدامات جاری رہیں گے تاکہ قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔












