احسن خان کا انکشاف: “گھر آؤں تو چاہتا ہوں بیوی اور بچے تیار ہوں”

معروف اداکار احسن خان نے ایک پروگرام کے دوران اپنی گھریلو عادات اور خاندانی اصولوں پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ گھر میں بیوی اور بچوں کی ظاہری تیاری اور حلیے پر خاص توجہ دیتے ہیں۔
احسن خان نے کہا کہ گھر ہر شخص کے لیے سکون کی جگہ ہوتی ہے۔ دن بھر کی مصروفیت کے بعد جب وہ گھر لوٹتے ہیں تو چاہتے ہیں کہ ماحول پرسکون ہو، فوری طور پر کسی کام کا بوجھ نہ ڈالا جائے اور بیوی و بچے صاف ستھرے اور تیار دکھائی دیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کو اچھی تیاری کا مشورہ دیتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ گھر میں بھی اچھے کپڑوں اور مناسب حلیے میں رہیں۔ ان کے مطابق کبھی کبھار اگر بیوی یا بچوں کا حلیہ مناسب نہ ہو تو وہ انہیں فوراً ٹوک دیتے ہیں، جس سے کبھی بیوی ناراض بھی ہو جاتی ہیں، خصوصاً جب وہ رات گئے گھر پہنچتے ہیں اور پھر بھی چاہتے ہیں کہ بیوی تیار نظر آئے۔
احسن خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اگر انہیں بیوی یا بچوں کا کوئی کپڑا پسند نہ آئے اور وہ اسے بار بار پہنیں، تو وہ وہ کپڑا چھپا کر ملازمہ کو دے دیتے ہیں۔ اس پر بیوی شکایت کرتی ہیں مگر بعد میں بات سمجھ جاتی ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ بیوی پر کسی قسم کی جبری پابندی نہیں لگاتے، بلکہ صرف چاہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ خوبصورت اور سج دھج کر رہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر بیوی کو ان کی کوئی چیز پسند نہ آئے، جیسے کہ شرٹ کے کھلے بٹن، تو وہ بھی بیوی کے سامنے بٹن بند رکھ لیتے ہیں۔
احسن خان نے کہا کہ میاں بیوی کو ایک دوسرے کی پسند اور ناپسند کا احترام کرنا چاہیے، تبھی گھر کا ماحول بہتر اور خوشگوار رہتا ہے۔











