07:37 , 21 جون 2026
Watch Live

آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست دی، 10 مئی کو دفاعی نظام کامیابی سے نشانہ بنایا، ائیر چیف

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان نے دشمن کو واضح شکست دی اور 10 مئی کو اس کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں حاصل ہونے والی کامیابی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل برتری کا واضح ثبوت ہے۔

ائیر چیف نے بتایا کہ جب 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو پاک فضائیہ نے بروقت اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے رافیل سمیت جدید لڑاکا طیارے مار گرائے۔ ان کے مطابق سائبر وار فیئر میں بھی پاکستان نے دشمن پر واضح برتری ثابت کی، جبکہ فضائی حدود کا ہر لمحہ مانیٹر کیا گیا اور آپریشنل ردعمل چند پلوں میں مؤثر ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ رافیل طیارے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کے مقابلے میں “صفر” ثابت ہوئے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کو اس سے بھی زیادہ نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھی، لیکن ایک پروفیشنل فورس ہونے کے ناطے ہمارا ہر قدم کیلکولیٹڈ اور امن کے لیے مؤثر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آپریشن بنیان مرصوص کے اثرات کم کرنے کی بھارتی کوشش بے نقاب

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی اور جدید وار فیئر کی حکمت عملی کو نہ صرف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا بلکہ اس پر اسٹڈی بھی کی جا رہی ہے، جو پاک فضائیہ کی تکنیکی مہارت کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کا ہر جوان اور افسر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے قائدانہ کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

آخر میں ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر کسی نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا یا اسے چیلنج کیا تو اسے سخت جواب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار ایٹمی قوت ہے اور افواجِ پاکستان پر قوم کا مکمل اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION