فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی سیکرٹری نیشنل سیکیورٹی کونسل علی لاریجانی کی ملاقات

راولپنڈی: ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون میں اضافے اور خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون ناگزیر ہے۔
سیکرٹری ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل علی لاریجانی نے بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون خطے کے چیلنجز سے نمٹنے اور دیرپا استحکام کے لیے ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے امن و سکیورٹی کے میدان میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔













