بھارتی بولرز ناکام، 359 رنز کا ہدف چیس ہوا

دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کا مشکل ہدف آسانی سے پورا کیا۔ اس میچ میں جنوبی افریقا نے 359 رنز کا ہدف حاصل کیا جو سیریز کا اہم لمحہ ثابت ہوا۔ اس جیت کے بعد 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔ رتوراج گائیکواڈ نے شاندار 105 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی نے خوبصورت 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان کے ایل راہول نے ناقابل شکست 66 رنز جوڑ کر مجموعہ مزید مضبوط بنا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے بیٹرز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ شروع کی۔ ایڈن مارکرم نے شاندار سنچری بنائی، جبکہ بریٹزکی اور بریویس نے اہم ففٹیز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں رکھا۔ تینوں بیٹرز کی کارکردگی نے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔
مزید پڑھیں: گمبھیر سے اختلافات، کوہلی نے اہم ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکرم نے 110، بریٹزکی نے 68 اور بریویس نے 54 رنز بنائے۔ کپتان باووما نے بھی 46 رنز کی مفید اننگز کھیل کر اپنا کردار ادا کیا۔ اختتامی اوورز میں کاربن بوش نے صرف 15 گیندوں پر 29 رنز بنا کر میچ اپنی ٹیم کے حق میں ختم کر دیا۔
یہ جیت ون ڈے کرکٹ میں بھارت کے خلاف سب سے بڑے رنز کے تعاقب میں سے ایک ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیریز بھی برابر ہوگئی ہے۔ اس دلچسپ میچ میں جنوبی افریقا نے 359 رنز کا ہدف حاصل کیا جس نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا اور سیریز کو مزید دلچسپ بنا دیا۔












