اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 فروری 2026 کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد میں پولنگ 15 فروری 2026 کو ہوگی۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز 19 دسمبر کو کاغذاتِ نامزدگی کے لیے پبلک نوٹس جاری کریں گے، جبکہ امیدوار 22 سے 27 دسمبر کے درمیان اپنے نامزدگی فارم جمع کروا سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر 2025 سے 3 جنوری 2026 تک کی جائے گی، جبکہ اعتراضات پر اپیلیں دائر کرنے کا وقت 5 سے 8 جنوری تک مقرر کیا گیا ہے۔
انتخابی ٹربیونلز ان اپیلوں پر فیصلے 9 سے 13 جنوری تک سنائیں گے۔ اس کے بعد امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ
حتمی امیدواروں کی فہرست اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 16 جنوری 2026 کو کی جائے گی، جس کے بعد انتخابی مہم باقاعدہ طور پر حتمی مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے نتائج 16 سے 19 فروری 2026 کے درمیان مرتب کیے جائیں گے اور انہیں مرحلہ وار جاری کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابی عمل کے لیے تمام انتظامات شیڈول کے مطابق کیے جائیں گے، جبکہ متعلقہ اداروں کو انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔











