05:56 , 16 جون 2026
Watch Live

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان 7 نئے معاہدے، صحت اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور انڈونیشیا

پاکستان اور انڈونیشیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شرکت کی، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا اہم سنگِ میل ہے۔

تقریب کے دوران صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے خصوصی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 7 معاہدے اور ایم او یوز دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان طے پائے۔ ان معاہدوں کا مقصد باہمی اقتصادی اور سماجی روابط کو مزید وسعت دینا ہے۔

اس ملاقات میں میڈیکل، ہیلتھ اور ووکیشنل ایجوکیشن کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستان نے انڈونیشیا کو میڈیکل آفیسرز، ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں کے ماہرین بھیجنے پر اتفاق کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان عملی اشتراک کی ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ انڈونیشیا کے صدر کو خوش آمدید کہتے ہیں اور یہ دورہ 7 سال بعد کسی انڈونیشی صدر کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ انہوں نے صدر سوبیانتو کو مدبر رہنما قرار دیتے ہوئے تجارت میں توازن، تعمیری بات چیت اور 75 سالہ تاریخی تعلقات کا حوالہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں : انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش میں ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1965 کی جنگ کے دوران انڈونیشیا نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، جو دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی ایک اہم مثال ہے۔

اپنی تقریر میں صدر پرابووو سوبیانتو نے پاکستان میں شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود میں جے ایف 17 طیاروں کی سلامی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے تجارت، تعلیم، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھایا جائے گا۔

صدر سوبیانتو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کے معاملے پر پاکستان اور انڈونیشیا کا مشترکہ مؤقف خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے، اور دونوں ممالک بین الاقوامی سطح پر ایک دوسے کے مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION