’تھری ایڈیٹس 2‘ کی تیاریاں جاری، 16 سال بعد سیکوئل کی منصوبہ بندی مکمل

بالی وڈ کی کلاسک فلم تھری ایڈیٹس اپنی ریلیز کے 16 سال بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ راجکمار ہیرانی کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم بھارتی سنیما کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے، جس نے دنیا بھر میں شائقین کے دل جیت لیے تھے۔
بھارتی میڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق، تھری ایڈیٹس کے میکرز اسی اصل کاسٹ کے ساتھ سیکوئل بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس نے مداحوں میں نئی امید پیدا کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکرپٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پوری ٹیم اس پروجیکٹ کے لیے بے حد پرجوش ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سیکوئل کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی جہاں پہلی فلم کا اختتام ہوا تھا، جس سے شائقین کو ایک بار پھر وہی دلچسپ تسلسل دیکھنے کو ملے گا۔
یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی تھری ایڈیٹس نہ صرف بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی بلکہ یہ اپنے وقت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں بھی شامل ہے جس نے بالی وڈ کے معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
ابھی تک فلم کے سیکوئل کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اس خبر نے سوشل میڈیا پر زبردست ہلچل مچا دی ہے۔ مداح فلم کے مرکزی کردار رنچو، فرحان اور راجو کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
فلمی حلقوں میں بھی اس خبر کو مثبت انداز میں لیا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ’تھری ایڈیٹس 2‘ ایک بار پھر بھارتی باکس آفس پر تاریخ رقم کرے گی۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ اگر اصل کاسٹ اور ٹیم واپس آتی ہے تو یہ فلم گزشتہ کئی برسوں کے سب سے بڑے سنیما ایونٹس میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے۔











