لاہور کے علاقے سندر میں کھلے مین ہول میں گر کر 5 سالہ بچہ جاں بحق

لاہور کے علاقے سندر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر کے باہر کھیلتے ہوئے پانچ سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ اس واقعے نے علاقے میں گہرے دکھ اور غم کی فضا پیدا کر دی۔
اہلِ محلہ کے مطابق بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے مین ہول میں جا گرا۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔
بتایا گیا ہے کہ بچے کو تقریباً 300 فٹ دور گٹر لائن سے نکالا گیا۔ تاہم اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
















