امریکا اور ایران نے مذاکرات کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر پر اعتماد کیا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سچی اور واضح بات کرتے ہیں، اسی وجہ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر پر اعتماد کرتے ہوئے امریکا اور ایران نے مذاکراتی عمل میں ان کے کردار کو اہمیت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت اور تعمیری کوششیں کیں۔
پیغامِ امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام میں علما کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے پورے ملک میں اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام جانا چاہیے، جبکہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی کو ضلعی سطح پر مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق علما کرام قوم کو متحد رکھنے اور انتہا پسندی کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک خیبرپختونخوا حکومت 3 ماہ کا بجٹ منظور کرے گی، سلمان اکرم راجا
محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام اور علما سے اپیل کی کہ فرقہ واریت سے گریز کیا جائے اور باہمی احترام، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیا جائے تاکہ ملک میں امن کی فضا قائم رہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پر اعتماد اس لیے کیا گیا کیونکہ وہ سچ اور حقیقت پر مبنی مؤقف اختیار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل واحد شخصیت تھے جن پر تمام فریق اعتماد کر رہے تھے، جبکہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔















