سی ٹی ڈی پنجاب کی بڑی کارروائیاں، خودکش بمبار سمیت 16 دہشت گرد گرفتار

انسداد دہشت گردی کے محکمے سی ٹی ڈی پنجاب نے پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 113 آئی بی اوز کیے گئے جن میں مختلف شہروں میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
جھنگ میں کارروائی کے دوران خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان کو گرفتار کیا گیا جو خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد کے ساتھ پکڑا گیا۔
سرگودھا میں ایک اور کارروائی کے دوران ملزم ملے خان کو حراست میں لیا گیا جو حساس اداروں پر حملوں میں ملوث تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس چیک پوسٹوں اور دیگر حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ لٹریچر اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔
گرفتار افراد میں غازی مرجان، معین خان، اصیل دین، ناصر شاہ، نصیب خان، ابرار، یوسف، ملے خان اور اسام سمیت دیگر شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے جن میں 95 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 190 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پورے پاکستان میں جاری رہیں گی۔












