محکمہ موسمیات: کراچی میں 100 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج 4 سے 6 اسپیلز کے دوران موسلادھار سے شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مون سون کا سسٹم ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے، جو کراچی کے قریب سے گزرے گا اور 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا باعث بن سکتا ہے۔
انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے طارق روڈ کے دونوں جانب نو پارکنگ زون نافذ کر دیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق، اگر شارع فیصل متاثر ہوئی تو طارق روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث کئی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ نکاسی آب کے لیے متعلقہ ادارے سرگرم ہیں، مگر شدید بارش کے باعث رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

















