احسن خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں خدمات کے اعتراف پر خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کو ان کی فنی خدمات، سماجی کردار اور کمیونٹی کے لیے نمایاں کام کے اعتراف میں برطانوی رکنِ پارلیمنٹ افضل خان کی جانب سے ایک خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔
ایوارڈ دینے کی یہ تقریب برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی، جہاں ممبرانِ پارلیمنٹ محمد یاسین اور نصرت غنی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ احسن خان نہ صرف ایک کامیاب فنکار ہیں بلکہ سماجی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں، اور ان کا کام کمیونٹی میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔
مقررین کے مطابق یہ اعزاز احسن خان کی طویل جدوجہد، مستقل مزاجی اور عزم کا اعتراف ہے، جو نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ نوجوان فنکاروں کے لیے بھی ایک مثال قائم کرتا ہے۔
تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر پاکستانی فنکاروں کی خدمات کو تسلیم کیا جانا خوش آئند ہے اور اس سے پاکستان کا مثبت تشخص ابھرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : احسن خان کا انکشاف: “گھر آؤں تو چاہتا ہوں بیوی اور بچے تیار ہوں”
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے احسن خان نے کہا کہ وہ اس عزت افزائی پر شکر گزار ہیں اور آئندہ بھی شوبز انڈسٹری اور سماجی کاموں میں مزید جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
بعد ازاں انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں احسن خان نے اس دن کو "حقیقی طور پر اہم لمحہ” قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ ملنا بڑا اعزاز ہے، اور یہ شیلڈ افضل خان CBE نے انہیں پیش کی۔

















